ذائقے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بہترین کینو پاکستان میں پیدا ہوتا ہے ۔اس کا ذائقہ ہر خاص وعام کو بہت پسند ہے ۔ہر سال سردیوں کے موسم میں کینو سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پھل ہے ۔اسے بڑی تعداد میں برآمد بھی کیا جاتاہے۔کینو میں حرارے (کیلوریز)کم اور غذائیت سے بھر پور اجزازیادہ ہوتے ہیں ۔اس میں فاسفورس ،فولیٹ،کاربوہائڈریٹ (نشاستہ )،ریشہ ،لحمیات (پروٹینز)،تانبا،پوٹا شےئم،حیاتین الف اور ج (وٹامن اے اور سی )اور تھایا من(THIAMIN)پائے جاتے ہیں ،جو اچھی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں ۔ذیل میں کینو کے فائدے درج کیے جارہے ہیں:
کینو میں موجود حیاتین ج شریانوں کو سخت نہیں ہونے دیتی ،اس لیے کینو کھانے والافرد دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے ۔
قدرت نے ہمارے جسم میں امراض سے لڑنے کے لیے ایک ایسا سلسلہ رکھا ہے ،جسے مدافعتی نظام کہتے ہیں ۔حیاتین ج اس نظام کو طاقت ور کرتی ہے اور یہ کینو میں زیادہ ہوتی ہے ۔یہ حیاتین مانع تکسید کا کام کرتی ہے ،جو جسم کو نقصان پہنچانے والے آزاداصلیوں (فری ریڈیکلز )کے بننے میں رکاوٹ پیدا کرتا اور نئی بافتوں (ٹشوز)کی پیدایش میں مدد گار ہوتا ہے ۔
کینوحیاتین ج کی موجودگی کے باعث جِلد اور بالوں کے لیے بھی مفید ہے ۔یہ ہمارے جسم میں ایک ریشے دار مادّے کو لاجن (COLLAGEN)کی مقدار مستحکم رکھنے میں بھی مدد کرتی ہے ،جو جِلد کو جھرّیوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔کینو میں پائے جانے والے اجزا،مثلاً حیاتین ب9،پوٹا شےئم اور مانع تکسید ،یہ سب دماغ کے لیے فائدہ مند ہیں ۔پوٹا شےئم دماغ کی جانب دورانِ خون رواں رکھنے اور اعصابی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد دیتا ہے ،جب کہ حیاتین ب9عمر بڑھنے کی وجہ سے لاحق ہونے والے دماغی انحطاط کی روک تھام کرتی اور نسیان کے مرض (الزائمر )سے بچاتی ہے ۔
کینو کھانے والے افراد کے سرخ خلیات بڑھ جاتے ہیں ،اس طرح جسم میں نیا خون بنتا ہے ۔اس کے علاوہ دل کی بیماریاں اور فالج کے خطرات میں بھی 49فی صد تک کمی ہوجاتی ہے۔
اسے کھانے سے قبض اور بد ہضمی کی شکایات بھی دُور ہوجاتی ہیں ۔اس پھل میں موجود پوٹاشےئم اور نمکیات کی کم مقدار خون کی شریانوں کو پھیلاتی اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں معاونت کرتی ہے ۔
سردی کے موسم میں ہمیں تازہ کینو کھانے چاہییں ۔تازہ کینو کے رس کا کوئی متبادل نہیں ۔کینو کا ڈبا بندرس پینے سے گریز کرنا چاہیے ،اس سے معدے میں تیزابیت ہو سکتی ہے اور ہاضمے کا نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے ۔

Very good and Best recipe for our health☺.
ReplyDelete😍😍
ReplyDelete❤❤👍🏻👍🏻
ReplyDelete🤩🤩🤩
ReplyDelete😐😐😐❤️
ReplyDelete